سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے برطانوی پاکستانی گلوکار چاہت فتح علی خان اور معروف پنجاب ریپر بوہیمیا کی ویڈیو کال نے دھوم مچا دی ہے۔
چاہت فتح علی خان، جنہیں میڈیم نور جہاں کے مشہور گانے “بدو بدی” کو مزاحیہ انداز میں گانے کے بعد شہرت حاصل ہوئی، اس کے بعد بھارتی گانے “توبہ توبہ” کے ری میک کے ذریعے بھی مزید مقبول ہوئے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے معروف پنجاب ریپر بوہیمیا کی توجہ بھی حاصل کر لی ہے۔
بوہیمیا اس وقت لندن کے دورے پر ہیں، جہاں ان کی اور چاہت فتح علی خان کی ویڈیو کال کے دوران دلچسپ گفتگو ہوئی۔ ویڈیو کال میں چاہت فتح علی خان نے اپنے مخصوص انداز میں “بدو بدی” سمیت دیگر گانے بوہیمیا کو سنا کر داد حاصل کی۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بوہیمیا ایک ریسٹورنٹ میں کچھ دوستوں کے ساتھ بیٹھے ہیں، جبکہ چاہت فتح علی خان انہیں اپنے گانے سنا رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ایک شعر بھی سنایا، جس کے بعد بوہیمیا نے مزاحیہ انداز میں کہا: “دوستو! ہمارا نیا گانا آ رہا ہے، بوہیمیا بوم۔”
اس ویڈیو کال کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جس پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں اور ان کی گفتگو سے محظوظ ہو رہے ہیں۔