ملتان: پنجاب کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ سے ٹیسٹ لینے کے حکم کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق صوبائی حکومت نے اساتذہ سے ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ کے نام پر ٹیسٹ لینے کاآرڈر جاری کردیا ہے۔ اس آرڈر کے خلاف لائیور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں دائر درخواست پر سماعت کل ہوگی۔ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ساہیوال کے ہیڈ ماسٹر محمد فیضان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے اپنی درخواست میں موقف اپنایاہے کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ساڑھے3 لاکھ اساتذہ کئی سالوں سے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں۔
اب حکومت سکولوں کو پرائیویٹ کرنے کیلئے اساتذہ کو ٹیسٹ کے ذریعے دباوٗ میں لانا چاہتی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سکولوں کے اساتذہ تحریری امتحان اورانٹرویوز کے بعد بھرتی ہوئے ہیں، اب صوبے کے چیف ایگزیکٹو آفیسرنے ٹیچرز کے دوبارہ امتحان کا شیڈول جاری کیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس آرڈر کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کے ساڑھے 3لاکھ اساتذہ سے ٹیسٹ لینے کے عمل کو کالعدم قرار دیا جائے۔