پاسپورٹ بنوانے کے لیے ایجنٹ مافیا سے پریشان شہریوں کے لیے اہم خبرآگئی۔
ڈی جی پاسپورٹس نے ایجنٹ مافیا کے خلاف بڑا فیصلہ کرلیا، ملک بھر میں ایجنٹس پر کڑی نظر رکھنے کے لیے احکامات جاری کر دیے۔ ڈی جی پاسپورٹس کی جانب سے یہ فیصلہ متعدد شہریوں کی شکایات سامنے آنے پر کیا گیا۔شہریوں نے شکایت کی کہ پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، جو شہریوں کو غیر قانونی طریقوں سے پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے گمراہ کرتے ہیں۔ ڈی جی پاسپورٹس کے مطابق تمام ریجنل پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یومیہ بنیادوں پر مانیٹرنگ رپورٹس ہیڈکوارٹرز کو جمع کروائیں۔
اس کے علاوہ ایجنٹس کی خفیہ مانیٹرنگ کے لیے ہیڈکوارٹرز کی خصوصی ٹیم بھی سرپرائز وزٹ کرے گی تاکہ ایجنٹوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ ڈی جی پاسپورٹس نے واضح کیا کہ ایجنٹس کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج کیے جائیں گے اور ان کی گرفتاریوں کے عمل کو بھی تیز کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں لاہور کے پاسپورٹ دفتر گارڈن کے باہر ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈی جی پاسپورٹس نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایجنٹس کے خلاف کارروائیوں میں حکومت کا ساتھ دیں اور کسی بھی ایجنٹ کی غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں فوری طور پر اطلاع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مشکلات میں کمی آئے گی اور وہ بغیر کسی اضافی پریشانی کے اپنے حقوق حاصل کر سکیں گے۔
پاسپورٹ کے لیے ایک اہم دستاویز ہے جو بین الاقوامی سفر کے لیے ضروری ہے۔ یہ آپ کی شناخت اور شہریت کی تصدیق کرتی ہے۔ عام طور پر پاسپورٹ کی مدت 5 یا 10 سال ہوتی ہے جبکہ 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 سالہ پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے۔ پاسپورٹ کی درخواست آن لائن یا قونصل خانے میں کی جا سکتی ہے اور اس کے بغیر بین الاقوامی سفر ممکن نہیں ہوتا۔