خیبرپختونخوا میں کم آمدنی والے افراد کے لیے گھر کی تعمیر یا مرمت کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی اسکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت کم آمدنی والے افراد کو نئے گھر کی تعمیر یا موجودہ گھر کی توسیع و مرمت کے لیے 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد کے لیے محکمہ ہاؤسنگ اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں یہ تقریب منتعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا،علی امین گنڈاپور، بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔اس اسکیم کی لاگت 4 ارب روپے ہوگی اور قرضوں کی واپسی کے لیے سات سال پر مشتمل آسان قسطوں کا شیڈول تجویز کیا گیا ہے، جس میں ماہانہ قسط 18 ہزار روپے تک ہوگی۔
یہ اسکیم ریوالونگ فنڈز سسٹم کے تحت آئندہ سات سالوں تک جاری رہے گی۔ قرضوں کی فراہمی کے لیے یہ ضروری ہے کہ درخواست دہندہ کے پاس اپنی ملکیتی زمین ہو۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں لوگوں کو معیاری رہائشی سہولتیں فراہم کرنا شامل ہے، اور “احساس اپنا گھر” اسکیم اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے کم آمدنی والے افراد کو معیاری رہائش فراہم کی جائے گی، جس سے نہ صرف ان کے رہائشی حالات میں بہتری آئے گی بلکہ ان کے سماجی اور معاشی حالات بھی بہتر ہوں گے۔
علی امین گنڈاپور نے اس بات پر زور دیا کہ اس اسکیم میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا تاکہ یہ قرضے صرف حقدار افراد کو ملیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کے تحت دیگر فلاحی منصوبے بھی شروع کیے گئے ہیں، جن میں احساس نوجوان، احساس ہنر، اور “احساس روزگار شامل ہیں۔