پاکستان کرکٹ بورڈ نے عاقب جاوید کو پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کرنے پر غور شروع کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر عاقب جاوید کو زمبابوے اور آئندہ سیریز میں وائٹ بال کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سونپی جا سکتی ہیں۔ امکان کیا جارہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کر لے گا۔
رپورٹ کے مطابق پی سی بی کا ملکی کوچ کو مستقل طور پر یہ ذمہ داری دینے کا ارادہ ہے۔ یاد رہے کہ دورۂ آسٹریلیا سے قبل گیری کرسٹن نے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو عبوری وائٹ بال کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
جیسن گلیسپی نے دورۂ آسٹریلیا کے دوران پاکستان ٹیم کی کوچنگ کی لیکن اب پی سی بی نے طویل مدت کے لیے ملکی کوچ کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 24 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلے گی، جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز شامل ہیں۔
اس کے بعد پاکستان ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی کھیلے گی۔