وزیراعلیٰ پنجاب نے کسانوں کے لیے کسان کارڈ کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 7 لاکھ کرنے کا اعلان کر دیا۔
محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق کسان کارڈ کے لیے پورٹل کے ذریعے اب تک 12 لاکھ 89 ہزار درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔ ان درخواستوں میں سے بینک آف پنجاب نے 4 لاکھ 87 ہزار درخواستوں کو منظور کر لیا ہے جبکہ کسانوں نے 3 لاکھ 61 ہزار سے زیادہ کسان کارڈ وصول کر لیے ہیں۔
کاشتکاروں نے کسان کارڈ کے ذریعے اب تک 18 ارب روپے کی خریداری کی ہے، جس سے زراعت کے شعبے میں ایک نئی جان آئی ہے۔ کسان کارڈ کا مقصد زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی مالی مدد کو یقینی بنانا ہے۔ اس کارڈ کے ذریعے کاشتکار بیج، کھاد اور زرعی ادویات خریدنے کے قابل ہوں گے۔
کسان کارڈ کے لیے درخواستیں دینے والے تمام کسانوں میں غیر کمپوٹرائزڈ موضع جات کے کاشتکار بھی اہل ہوں گے جو کہ اس پروگرام کا حصہ بن سکیں گے۔