پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں کو 5 ارب روپے کی لاگت سے 5 ہزار سپر سیڈرز کی فراہمی کا آغاز ہوگیا

پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں کو 5 ارب روپے کی لاگت سے 5 ہزار سپر سیڈرز کی فراہمی کا آغاز ہوگیا

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبہ پنجاب میں زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔

اس ضمن میں حکومت پنجاب نے زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے 5 ارب روپے کی خطیر رقم سے 5 ہزار سپر سیڈرز فراہم کرنے کا آغاز کیا ہے۔

وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت سپر سیڈرز کو 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کی آسانی سے دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا آئی ایم ایف کی شرائط پر زمینداروں پر سپر ٹیکس لگانے کے فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ سپر سیڈرز کے استعمال سے دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے، جو کہ سموگ کے مسائل کو کم کرنے کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔

سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ سپر سیڈرز زمین میں دھان کی باقیات کو ملا کر زرخیزی میں اضافہ کرتے ہیں، جس سے زمین کی تیاری اور گندم کی بوائی کے تمام عوامل ایک ہی وقت میں مکمل ہو جاتے ہیں۔

حکومت پنجاب کے سبسڈی پر فراہم کردہ سپر سیڈرز کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں ایکڑ رقبے پر جاری ہے۔ اس کے علاوہ کسان نہ صرف خود سپر سیڈرز کا استعمال کر رہے ہیں بلکہ انہیں کرایہ پر دوسرے کاشتکاروں کو بھی فراہم کر رہے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *