پی ٹی آئی کا 9 مئی کو جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا 9 مئی کو جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی کو جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی کے پروگرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یوم 9 مئی منانے جا رہے ہیں، 9 مئی کو جلسہ عام کریں گے، وزیر ا علیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی خواہش ہے کہ جلسہ ان کے حلقے میں ہونا چاہیے۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ 9 مئی کے جلسے میں قوم کو بتائیں گے کہ 9 مئی کے بعد گزشتہ ایک سال میں تحریک انصاف کے ساتھ کیا کچھ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات میں بانی پی تی آئی عمران خان نے سخت الفاظ میں کہا کہ اپنی رہائی یا وقتی فائدے کے لئے پاکستانیوں کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گا، جتنی جیل کاٹ لی ہے ، اس سے بھی زیادہ جیل کاٹنے کے لئے تیار ہوں، نہ کوئی ڈیل ہو گی نہ کوئی مفاہمت۔

جب تک دم میں دم ہے عوام کے حقوق کے لئے جنگ لڑتا ر ہوں گا ۔ جب کہ اس سے قبل جمعرات کے روز عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے خواتین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، خواتین کی گرفتاری پر حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں؟ شیر افضل مروت نے کہا کہ سعودی عرب کے حوالے سے میرے بیان پر عمران خان نے میری سرزنش کی، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سعودی عرب کے حوالے سے بیان مناسب نہیں تھا، بانی پی ٹی آئی کو کہا گیا کہ مسلم لیگ ن نے میرے نام پر تحفظات کا اظہار کیا جو کہ غلط تھا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پبلک اکا ؤنٹس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا کیا جارہا تھا۔

بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کے حوالے سے عمر ایوب کو ہدایات جاری کی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا میری بہنوں اور اہلیہ کے خلاف مقدمات اس لئے درج کئے گئے کیونکہ یہ میرے اپنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ میں کیسز نہ لگنے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی نے تشویش کا اظہار کیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کیسز نہ لگنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، ہر پارٹی میں مخالفت ہوتی ہے تو میری پارٹی میں بھی میری مخالفت ہوئی ہے۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ 8 فروری اور 21 اپریل کو ہمارے اوپر شب خون مارا گیا، انہوں نے زور دے کر کہا کہ وقت آ گیا عوام اپنے حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوں ۔ ہم عوام کا بھر پور ساتھ دیں گے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *