ایرانی صدر کا پاکستان کیساتھ تجارتی حجم 10ارب ڈالر تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار

ایرانی صدر کا پاکستان کیساتھ تجارتی حجم  10ارب ڈالر تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

پاکستان کے تین روزہ دورے سے قبل  تہران ائیر پورٹ پرایرانی میڈیا سے گفتگو کے دوران ایران کے صدرابراہیم رئیسی نے کہا کہ پاکستان ان کے لیے ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور حکومتی سطح پر تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے ماضی سے آج تک دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور مذہبی تعلقات کی تعریف کی۔ایرانی صدر نے انسانی حقوق اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور ایران کے مشترکہ موقف کی بھی تائید کی اور کہا کہ دونوں ممالک مختلف عالمی مسائل پر مشترکہ موقف رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔

ایرانی صدر نے مزید بتایا کہ پاکستان میں سیکیورٹی، اقتصادی اور تجارتی امور پر مذاکرات ہوں گے۔ انہوں نے امید کی کہ دونوں ممالک کی درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھاکر پاکستان ایرانی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا یا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ ایرانی صدر تین روز دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو وزیراعظم ہائوس آمد پر مسلح افواج کے دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم ہائوس میں ایرانی صدر کی آمد پر باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر کا پرتپاک خیر مقدم کیا جس کے بعد انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ایرانی صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایران کے صدر کے ساتھ تعارف کرایا گیا۔ایرانی صدر نے اپنے وفد کے ارکان کو بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متعارف کرایا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *