عوام نے پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کردیا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ کا اہم بیان۔
تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میںاکثر نشستوں پر مسلم لیگ (ن)کے اُمیدوار کی کامیابی واضح دکھائی دے رہی ہے۔ اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کردیا، ضمنی انتخابات کے نتائج مسلم لیگ ن کی قیادت پر بھرپور عوامی اعتماد کا اظہار ہیں۔ ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی پالیسیاں عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں معاشی اصلاحات سے عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے، آج معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں، حکومت نے مہنگائی میں کمی، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ معاشی مسائل کے حل کے ذریعے جن پالیسیوں اور عملی اقدامات کا آغاز کیا، ان پر آج عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، آج تحریک انصاف کا ووٹر مایوسی کا شکار ہے، ان کے لیڈر کے جیل سے متضاد اور جھوٹ پر مبنی بیانات آ رہے ہیں، عوام نے پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیہ کو آج مسترد کر دیا ہے، انہوں نے جیل میں بیٹھ کر ملک اور ملک کے دفاعی اداروں کے خلاف سازشیں کیں، پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی، انہوں نے دوست ممالک کے خلاف بیانات دیئے، ریاست مخالف بیانیہ بنانے کی کوشش کی، آج سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نفرت، انتشار اور منافقت کی سیاست کو عوام نے رد کر دیا ہے۔