لاہور کی مقامی عدالت نے رجب بٹ کے خلاف غیر قانونی طور پر شیر کا بچہ رکھنے کے مقدمے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے ملزم رجب بٹ کو ہر ماہ کے پہلے ہفتے جانوروں کے حقوق سے متعلق وی لاگ بنانے کا حکم دیدیا۔ رجب بٹ نے عدالت میں اعتراف جرم کرتے ہوئے اقرار کیا کہ انہوں نے بغیر اجازت اور لائسنس کے شیر کا بچہ رکھا تھا۔
فیصلے میں عدالت نے رجب بٹ کو ایک سال کے لیے کمیونٹی سروس کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا کہ وہ فروری 2025 سے جنوری 2026 تک اس سروس میں حصہ لیں گے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید لکھا کہ رجب بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ اب انہیں احساس ہو گیا ہے کہ شیر کا بچہ رکھنا ان کے اختیار میں نہیں تھا اور انہوں نے اس عمل سے غلط مثال قائم کی۔
ملزم نے کہا کہ اپنی غلطی کا ادراک ہونے پر وہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں اور اگر پرمیشن آفیسر انہیں ذاتی طور پر طلب کرے تو وہ حاضری کے پابند ہوں گے۔ فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔