دنیا کے 100 امیر ترین ارب پتیوں کی دولت میں اضافے کا 50 فیصد سے زیادہ حصہ ٹاپ ٹین کا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کا بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے حوالے سے کہنا ہے کہ دنیا کے 10 امیر ترین ارب پتیوں کی دولت میں 3.7 ملین ڈالر فی منٹ کی شرح سے اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سال کے پہلے 23 دنوں میں ان کی دولت میں تقریباً 105 بلین ڈالر اضافہ ہوا۔ دنیا کے پہلے دس امیر ترین افراد کی دولت میں تقریباً 191 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
بلومبرگ انڈیکس کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کی 500 امیر ترین شخصیات کی دولت تقریباً 10 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
ایلون مسک کی کل دولت 440 ارب ڈالر ہو گئی ہے اور اس سال کے 23 دنوں میں 8 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ جیف بیزوس کی مجموعی دولت 254 ارب ڈالر ہے اور اس سال 15 ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے۔
مارک زکربرگ کی دولت 221 ارب ڈالر ہے اور رواں سال 13 ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے۔ لیری ایلیسن کی دولت 209 ارب ڈالر ہے اور 23 دنوں میں ان کی دولت میں 17 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
برنارڈ آرناولٹ کی دولت 197 ارب ڈالر ہے اور 23 دن میں ان کی دولت میں 21 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ لیری پیج کی دولت 176 ارب ڈالر ہے اور رواں سال 8 ارب ڈالرکا اضافہ ہو چکا ہے۔
سرگئی برن کی کل دولت 166 ارب ڈالر ہے اور اس میں 7 ارب ڈالر کا اضافہ ان 23 دنوں میں ہوا ہے۔ بل گیٹس کی دولت 165 ارب ڈالر ہے اور اس میں رواں سال کے 6 ارب ڈالربھی شامل ہیں۔ اس سال کے آٹھ ارب ڈالر ملا کر سٹیو بالمر کی دولت 155 ارب ڈالر ہے، وارن بفیٹ کی دولت 144 ارب ڈالر ہے، انہوں نے اس سال کے 23 دنوں میں 2 ارب ڈالر حاصل کئے ہیں۔