تحریک انصاف کے جنید اکبر خان پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جنید اکبر خان کو بلا مقابلہ چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی منتخب کر لیا گیا۔پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ قومی اسمبلی کے ایڈوائزر قانون سازی ایم مشتاق نے اجلاس کی صدارت کی۔مسلم لیگ (ن)کے چیف وہپ طارق فضل چوہدری نے جنید اکبر کا نام تجویز کیا اور عمر ایوب خان ،شبلی فراز ،ڈاکٹر افنان اللہ ،قاسم نون و دیگر نے تائید کی۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت کا فیصلہ تھا پی اے سی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دی جائے۔ حکومت نے اپوزیشن سے پانچ نام مانگے اور اس کیلئے تین خطوط اپوزیشن کو بھیجے گئے۔اپوزیشن نے عمر ایوب، جنید اکبر، عامر ڈوگر ،خواجہ شیراز اورعادل بازئی کے نام بھیجے۔
پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے کہا کہ کمیٹی کے الیکشن میں تاخیر حکومت کی وجہ سے ہوئی۔ ماضی میں ہم نے اپوزیشن سے کوئی پینل نہیں مانگا ۔شہباز شریف کو کہا کہ جس کو چاہیں آپ نامزد کرسکتے ہیں ۔اس حکومت نے پینل مانگنے کی روایت ڈالی ہے۔
جنید اکبر کے چئیرمین پی اے سی منتخب ہونے پر اراکین نے ڈیسک بجا کر مبارک باد دی۔