حکومت کے حالیہ اقدامات کی بدولت حج اخراجات گزشتہ سال کی نسبت کم ہوگئے ہیں اور عازمین حج کو زیادہ سہولتوں کے ساتھ کم خرچ پر حج ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات کا حتمی تخمینہ تیار کرلیا ہے، جس کے مطابق 40 روز کے سرکاری حج پیکیج کی قیمت ساڑھے 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر اس کا تخمینہ 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان تھا۔وزارت مذہبی امور نے اس تخمے کی بنیاد پر حج درخواستیں وصول کی تھیں اور اب سعودی عرب میں معاہدوں کے بعد حج اسکیم کا حتمی تخمینہ مرتب کیا گیا ہے۔ اس سال کم دورانیے کے شارٹ حج پیکج کی قیمت 11 لاکھ روپے فی کس ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اس سال عازمین حج کو منیٰ میں اضافی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ ان سہولتوں میں روم کولر کی جگہ ایئرکنڈیشنرز کی فراہمی، کپڑے کے خیموں کی جگہ جیسم بورڈ کے خیمے اور میٹرس کی جگہ صوفہ کم بیڈ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ منیٰ میں عازمین حج کے لیے شیلف کی سہولت بھی حج پیکج میں شامل کی گئی ہے۔ سعودی عرب میں معاہدوں کے بعد ہوٹل کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ مثال کے طور پرہوٹل کے ڈبل بیڈ کے اضافی چارجز میں 74 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈبل بیڈ کی قیمت 2 لاکھ 59 ہزار کی بجائے اب 1 لاکھ 85 ہزار روپے ہوگی۔
اسی طرح ٹرپل بیڈ کے اضافی چارجز بھی 86 ہزار روپے سے کم ہوکر 63 ہزار روپے مقرر کردیے گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ وہ جلد ہی حتمی حج اخراجات کا اعلان کریں گے۔