نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے معاہدہ طے پانے کا دعویٰ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حماس نے اسرائیل کیساتھ جنگ بندی معاہدے پر آمادگی ظاہر کر دی، جس کی تصدیق امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کر دی گئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کا عمل تین مراحل پر مشتمل ہوگا۔
پہلے مرحلے میں 33اسرائیلی اور 50فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائیگا۔ اسرائیلی فوج غزہ کے نیٹزارم کوریڈور سے انخلا کرے گی اور غزہ کے شہری علاقوں اور رفح بارڈر سے بھی پیچھے ہٹ جائیگی۔
دوسرے مرحلے میں 16دن بعد مزید قیدیوں کی رہائی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے جبکہ تیسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو اور انتظامی امور سے متعلق معاملات طے کیے جائیں گے۔
انٹرنیشنل میڈیا کا دعویٰ ہے کہ قطری وزیراعظم آج رات پریس کانفرنس میں غزہ جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کر یں گے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم دوحہ میں موجود مذاکراتی کمیٹی کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی غزہ کی فیلا ڈیلفی راہداری سے انخلا شروع کر دیا گیا ہے۔