اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور رابطوں کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے، جس کے بعد اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں اپنے موقف کےاظہار کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل میں رکاوٹ کے بعد اب دونوں طرف سے پارلیمنٹ میں شدید محاذ آرائی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن نے حکومت کی طرف سے بیک ڈور مذاکرات کو ختم کرنے کے بعد اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کی ہے۔ اپوزیشن آج اپنے موقف پر حتمی مشاورت کرے گی اور پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کا عزم کیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس کا انعقاد آج ہونے جا رہا ہے، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے رہنما آپس میں بیٹھ کر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی کارروائی کے بارے میں حکمت عملی وضع کریں گے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا، جبکہ سینیٹ کا اجلاس کل ہوگا، جس میں ہنگامہ خیز صورتحال کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ مذاکرات جاری رکھنے ہیں تو پہلےجوڈیشل کمیشن بنا یا جائے۔
رکن کمیٹی صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ بانی سے ملاقات کے بعد مذاکرات کی تیسری نشست کے لیے تیار ہیں، اکتیس جنوری کی ڈیڈ لائن برقرار ہے، ہم غیرجانبدار کمیشن چاہتے ہیں،جو ذمہ دار کا مظاہرہ کرے ، اب حکومت کے ہاتھ میں ہےکہ وہ پیشرفت چاہتے ہیں یا نہیں۔