سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کیخلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران موثر کارروائی میں خوارج کے سرغنہ شفیع اللہ عرف شفیع سمیت پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ خوارج نہ صرف سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے بلکہ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی شامل تھے۔ آپریشن کے بعد علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا تاکہ کسی بھی باقی ماندہ خارجی کو ختم کیا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران پانچ خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی یہ کامیاب کارروائیاں قابل ستائش ہیں۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ خوارجی دہشتگرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ان کی قربانیاں اور محنت لائق تحسین ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے شانہ بشانہ اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے پوری قوم یکجہتی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔