شیر افضل مروت کا میڈیا پر اپنے حوالے سے چلنے والی خبروں پر ردِعمل آگیا۔
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر، علی امین گنڈاپور، علی محمد خان اور دیگر نے آج مجھ سے رابطہ کیا۔ انہوں نے میڈیا پر ایک ہی بات پانچویں بار کی جس کا میں نے جواب دیا۔ میرے خلاف میڈیا پر بیٹھ کر جو بھی بات کرے گا میں اس کا جواب دینے سے باز نہیں رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو فون پر بات کرے۔ میڈیا پر بیٹھ کر بات نہ کریں۔ اگر شوکاز نوٹس دیا گیا تو جواب دوں گا۔ مجھ سے حسد کرنیوالے عمران خان کے کان میرے خلاف بھرتے ہیں۔ مجھے مجبور کیا تو ان لوگوں کے نام بھی میڈیا کے سامنے لے آئوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں صرف اپنا موقف دیتا ہوں۔ کبھی یہ نہیں کہا کہ یہ پارٹی پالیسی ہے۔ عمران خان سے جلد ملاقات کروں گا۔ یہ لوگ میرا نہیں مخالفین کا مقابلہ کریں۔