ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کا راج برقرار ہے ، محکمہ موسمیات نے موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے اوقات میں کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور بالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں کہرا بھی پڑ سکتا ہے ، دوپہر میں ملک کے بیشتر جنوبی اور وسطیٰ علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے کچھ روز میں ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی ۔
ادھر آزاد کشمیر میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری نے رنگ جما دیا ، شدید برفباری سے کیل سے تاؤ بٹ شاہراہ نیلم بند ہوگئی، سردی کے باعث لوگ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں ۔
لہہ میں پارہ منفی 13 اور استور میں منفی 11 رہا، کالام میں منفی 9، گوپس منفی 8،قلات، سکردو میں منفی 7 رہا، کوئٹہ منفی 6، ہنزہ منفی 5، دروش، چترال، گلگت اور پاراچنار میں منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔