پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ موخر ہونے کی وجہ مذاکرات یا کوئی ڈیل نہیں ہیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کہا جارہا کسی ڈیل کے تحت القادر ٹرسٹ کیس میں تاریخیں آگے ہوئی ہے۔ القادر ٹرسٹ بے ہودہ کیس ہے۔ گواہوں نے بتادیا کہ عمران خان نے نہ کوئی پیسے لئے اور نہ حکومت کو نقصان پہنچاہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بڑے عرصے بعد ڈائیلاگ کا دروازہ کھولا تھا۔ عمران خان پر 200 سے زائد کیسز بنائے گئے، ہم سے انتخابی نشان لیا گیا۔ ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔ حکومت کے خلاف ہماری لسٹ لمبی ہے۔ ہمارے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں، ابھی بھی کارکنان مسنگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دو ہی مطالبات پر مذاکرات شروع کئے۔ ان دو مطالبات کیلئے دو ملاقاتیں ہوئی ہیں ۔ہم نے کہا تھا تیسری ملاقات تب ہوگی جب عمران خان سے ملاقات ہوگی۔ اب تک ہمارے پاس کل کی میٹنگ کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں آئی۔ مذاکرات کسی ڈیل کیلئے نہیں عوام کیلئے کررہے ہیں۔ مذاکرات میں تعطل نہیں کرنا چاہئے۔ مذاکرات کے ڈرافٹ پر تعطل نہیں ہونا چاہئے۔
حکومت بندش کے بغیر عمران خان سے ہماری ملاقات کروائے، عمر ایوب
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کے دوسرے دور میں دوٹوک کہا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کروائی جائے۔ ہم نے کہا تھا اداروں کی عدم موجودگی میں ملاقات کروائی جائے۔ آج تک ہمیں حکومت کی طرف سے کوئی اطلاع نہیں ملی۔ حکومت بندش کے بغیر ہماری ملاقات کروائے۔
عمر ایوب نے کہا کہ 5 دسمبر کوعمران خان نے مذاکراتی کمیٹی بنائی اور ایجنڈا دیا۔ ہم اداروں کی مداخلت برداشت نہیں کرینگے۔ ہر جگہ اداروں کی مداخلت موجود ہے۔ ہم چاہتے ہیں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنائے جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا جو اذیتیں میں نے برداشت کی میں نے سب کو معاف کیا۔ 14 ارب ڈالر جو لوگ یہاں سے دو سالوں میں گئے ان کی مد میں گیا۔ لارج سکیل مینوفیکچرنگ زیرو ہے۔ جہاں لارج اسکیل مینو فیکچرنگ زیرو ہو وہاں گاڑی چل ہی نہیں سکتی۔
موجودہ حکومت صرف تین سے چار ماہ کی مہمان ہے، شبلی فراز
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک آئین اور قانون کی بالادستی نہ ہو۔ توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے تفصیلی فیصلے نے سب واضح کردیا۔یہ سب بے بنیاد کیسز ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھا یا کہ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ کیوں نہیں سنایا جارہا؟۔ ہمیں اس بات کی تشویش ہے۔ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو سزا دینا ہر اس شخص کو سزا دینا ہوگی جو بھی فلاحی کام کرے گا۔ عمران خان نے پوری زندگی فلاحی کام کیا۔ شبلی فراز نےدعویٰ کیا کہ موجودہ فارم 47 کی حکومت صرف تین سے چار ماہ کی مہمان ہے۔
القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی نے کوئی ذاتی فائدہ حاصل نہیں کیا۔ یہ چیزیں پوری دنیا کو نظر آرہی ہیں۔ تاریخ بہت تلخ ہوتی ہے۔ مورخ سب لکھ رہا ہے۔ ہمیں فیئر ٹرائل کا حق نہیں مل رہا۔ پی ٹی آئی رہائی کی بھیک نہیں مانگ رہی۔ قانون اور آئین کو روند کر سزائیں سنائی جارہی ہیں۔
اس طرح ملک مین استحکام نہیں آسکتا۔ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو دیوار کے ساتھ لگایا ہوا ہے۔
9مئی اور 26نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنانےکے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، سلمان اکرم راجہ
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان اس بات پر واضح ہیں کہ وہ جیل سے رہائی پانے والے آخری آدمی ہوں گے۔ وہ تمام اسیران کی رہائی چاہتے ہیں۔یہ نہیں ہوگا کہ ٹھیک ہے یہاں گولیاں چلیں، لوگوں کو مارا گیا اب آگے بڑھو۔
سلمان اکرام راجہ نے کہا کہ خون کا حساب دینا ہوگا۔ جبر کا ماحول ہے۔ہم انصاف لے کر رہے ہیں گے۔ ہم اس لیے مذاکراتی عمل کا حصہ بنے ہیں کہ ریاست کو فلاح کی جانب لے کر چلیں۔ ہمیں دوسری جانب سے یہ خواہش نظر نہیں آرہی۔ ہم ووٹ کے حصول کے لیے لڑتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے جوڈیشل کمیشن اور 8 فروری کی ڈکیتی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگر آئندہ بھی 8 فروری والا معاملہ ہونا ہے تو یہ اس ملک کا خاتمہ ہے۔ جمہوریت کو آگے لے کر جانا ہے۔ بہت سے آمر پہلے بھی آئے۔ جبر کا نظام نہیں چل سکتا۔ یہ ملک آزاد لوگوں کا ہے۔