خیبر پختونخوا پولیس نے سالانہ رپورٹ جاری کر دی ۔ سال 2024 کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کیساتھ مقابلوں میں 270 فتنہ الخوارج ہلاک، 802 دہشگرد گرفتار ہوئے جن میں 32 کے سروں کی قیمت مقرر تھی۔
رواں سال بھتہ خوری میں ملوث 132 ملزمان جبکہ 13 اغواءکاروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق سال کے آغاز میں مردان میں دہشت کی علامت اور کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث محسن قادر گروپ کا کمانڈر محسن قادر اور اس کے نائب عباس عرف عیسیٰ کو ٹھکانے لگایا گیا۔ اے ایس آئیز معروف شاہ اور حاجی گل اکبر خان کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کرنے والے معاذ اور ا±س کے ساتھی کو نشان عبرت بنانے سمیت 2 خودکش حملہ آوروں عادل عرف امین اور طاہر عرف عباس کو گرفتار کرکے پشاور کو بڑی تباہی سے بچایا گیا۔
ماہ فروری سے مختلف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں ضلع لکی مروت،ٹانک اور ڈی آئی خان میں بٹنی پراگئے گروپ کے کمانڈر فرید اللہ عرف پراگئے اور ساتھی امجد عرف ببرے، ٹیپو گروپ کے کمانڈر تنویر عرف تنو، فرقان عرف ناٹی، ولی اللہ عرف ولی، ضرار گروپ کے عبدالوہاب، ہارون، یاسین، سنتا گروپ کے کمانڈر گل یوسف عرف طور، ٹی ٹی پی گنڈاپور گروپ کے کمانڈر مظہر، حافظ گل بہادر گروپ کے صدیق اللہ اور گربز گروپ کے کمانڈر محمد عمر عرف مصطفی اور اسکے ساتھیوں سمیت بنوں پولیس لائنز پر حملے میں 5برقعہ پوش دہشت گردوں اورپولیس پر حملے میں ملوث دو ٹارگٹ کلرز کا پیچھا کرکے ایک گھنٹے کے اندر اندرکیفر کردار تک پہنچایا گیا۔
ضلع مہمند میں بارودی مواد کے سمگلرز کے منظم نیٹ ورک کے 14 ملزمان کو گرفتار کر کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارود اور دھماکہ خیز مواد جبکہ ضلع خیبر میں دہشت گردوں کی سہولت کاری کے لیے لُوٹا ہوا 12 کلو گرام سونابھی برآمد کیا گیا۔پشاور متنی میں سر کی قیمت رکھنے والے خطرناک دہشت گرد عبدالرحیم جو کہ علاقے میں ٹی ٹی پی کا شیڈو گورنر تھا کا صفایا کیا گیا۔ بشام واقعہ میں چینی باشندوں پر حملے میں ملوث دہشت گردوں، درابن ، ڈیرہ اسماعیل خان خودکش بمباروں کی گرفتاری/ پشاور پولیس لائنز خودکش دھماکہ میں ملوث گروپ کے ارکان کی گرفتاری بھی رواں سال عمل میں لائی گئی۔
سی ٹی ڈی کی مختلف کامیاب کارروائیوں میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا جس میں 7خودکش جیکٹس، 2 آر پی جیز، 87 کلاشنکوف،93 پستول اور مختلف بور کے 4470 راونڈز بھی شامل ہیں۔ سال رواں میں مربوط حکمت عملی کے تحت اغواءبرائے تاوان کی وارداتوں پر قابو پایا گیا اور 13 اغواءکار گرفتار کر لیے گئے جبکہ بھتہ خوری کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے 132 بھتہ خوروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ صوبہ بھر میں انٹیلی جنس اور دیگر آپریشنز میں مجموعی طور پر 802 شرپسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔