وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بہت جلد طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے اور تمام سکالرشپس سفارش کے بغیر دی گئی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جنوری میں وہ دوبارہ آکرطلبہ کو لیپ ٹاپ دیں گی۔
پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان کے پاس پنجاب یونیورسٹی کی ڈگری ہے اور طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان محنتی بچوں کو گارڈ آف آنر ملنا چاہیے۔ انہوں نے ہونہار طلبہ کو سلام پیش کیا اور کہا کہ وہ ان کے مستقبل کے لیے دن رات سوچتی ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا آج میں ایک سیاسی رہنما نہیں، بلکہ ایک ماں کے طور پر خطاب کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جو وعدے کرتی ہوں، انہیں پورا کرتی ہوں، اور جنوری میں دوبارہ لیپ ٹاپ کے ساتھ آ کر وعدہ پورا کروں گی۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کاروبار کے لیے ایک کروڑ تک قرضے دینے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا انٹرنیٹ سٹی بنایا جا رہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ سیاستدان وہ ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے۔
انہوں نے طلبہ کی محنت کا صلہ سکالرشپس کی صورت میں دینے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ آج طلبہ کو صرف سکالرشپس نہیں بلکہ میرٹ پر محنت کا انعام مل رہا ہے۔ پولیس کے دستے نے ان کی محنت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ مریم نواز نے ریاست کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ “ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اور ہونی بھی چاہیے۔