محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمالی بلوچستان، بالائی اور وسطی پنجاب اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور بارش کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی بارش ہو سکتی ہے اور مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، بھکر اور ڈیرہ غازی خان جیسے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارکھان، نصیر آباد، لورالائی، سبی، خضدار، کوہلو اور آواران میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور بارش کی توقع ہے جبکہ دیگر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔
خیبر پختونخوا کے کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مالاکنڈ، بونیر، کرم، وزیرستان، خیبر، باجوڑ اور مہمند میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے اور ہری پور، پشاور، کوہاٹ، کرک، مردان، نوشہرہ اور صوابی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔