پاکستانیوں کے لیے یو اے ای جانے والے نوکری کے ویزوں پر نئی شرط عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بیورو آف امیگریشن نے یواے ای کے ایمپلائمنٹ ویزے کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔ پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین عدنان پراچہ نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئےکہا کہ یہ فیصلہ یو اے ای میں پاکستانیوں کے بارے میں آئی شکایات کے بعد لیا گیا ہے۔ ان شکایات میں یہ کہا گیا تھا کہ پاکستانی وہاں بھیک مانگنے اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
عدنان پراچہ نے مزید کہا کہ یو اے ای ہمارا دوست ملک ہے اور اس کے قوانین کی پاسداری کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے پاکستان کے 24 شہروں پر یو اے ای جانے کے لیے وزٹ ویزا پر پابندی تھی، لیکن اب یہ پابندی بڑھا کر 30 شہروں تک کر دی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے یو اے ای ورک ویزے کا اجرا رک چکا ہے، جس کے باعث ایک لاکھ سے زائد پاکستانی نوکری کے لیے یو اے ای نہیں جا سکے۔
نائب چیئرمین نے یو اے ای سے ترسیلات زر کے اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے بعد یو اے ای دوسرے نمبر پر ہے، اور حکومت سے اپیل کی کہ یو اے ای ورک ویزا کے اجرا میں فوری اقدامات کیے جائیں۔