اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہکسی بھی افغان شہری کو بغیر این او سی کے اسلام آباد میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی، پی ٹی آئی کا کوئی رکن قتل نہیں ہوا۔ اگر کوئی ہے تو تفصیلات فراہم کریں۔
محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین کی اموات کے بارے میں معلومات رکھنے والے کسی بھی شخص پر زور دیا کہ وہ آگے آئے اور تفصیلات شیئر کرے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اپنی شرمندگی چھپانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے علی امین گنڈا پور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کا وزیراعلی اچانک بھاگ گیا، اور اس کے بعد پروپیگنڈا شروع ہوا کہ بہت سے لوگ مارے گئے ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد معمول پر آ چکا ہے اور سڑکیں کھل رہی ہیں۔
محسن نقوی نے اعلان کیا کہ 31 دسمبر کے بعد کسی بھی افغان شہری کو بغیر این او سی کے اسلام آباد میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دریں اثنا علی امین گنڈاپور نے مانسہرہ میں پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کے دوران ان کے کئی لوگ شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔