پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث سڑکوں کی بندش نے مقامی منڈیوں کو سبزیوں اور پھلوں کی سپلائی میں شدید خلل ڈال دیا ہے، جس سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سیالکوٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ٹماٹر 700 روپے فی کلو، ہری مرچ 400 روپے، اور گوبھی 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ آلو 220 روپے اور پیاز 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی 100 سے 150 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ پھل بھی مہنگے ہو گئے ہیں، کیلے 150 روپے فی درجن اور سیب 400 روپے فی کلو دستیاب ہیں۔
گجرات میں بھی سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ٹماٹر 150 روپے سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو، آلو 120 روپے سے 200 روپے، اور ادرک 600 روپے سے 1000 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ پیاز کی قیمت 100 روپے سے بڑھ کر 160 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ دیگر سبزیاں جیسے پھول گوبھی، شملہ مرچ اور بینگن بھی مہنگے ہو چکے ہیں۔
کوئٹہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی ایک جزوی وجہ بلوچستان کے سرد علاقوں میں فصل کی کٹائی کا اختتام ہے۔ ٹماٹر 180-200 روپے فی کلو، پیاز 140 روپے، اور ہری مٹر 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہیں۔ آلو اور گوبھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث سڑکوں کی بندش نے تازہ مصنوعات کی ترسیل کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ دکانداروں کے مطابق سپلائی میں کمی کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے شہری بڑھتی مہنگائی سے پریشان ہیں۔