اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ نے بڑے کریک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی چوک کے اردگرد کے سیکٹرز میں قائم تمام مارکیٹس کو فوراً بند کر دیا گیا ہے، جن میں میلوڈی، بلیو ایریا، آبپارہ، ایف-6 اور ایف-7 شامل ہیں۔ انتظامیہ نے آئی جے پی روڈ اور اسلام آباد کے اہم داخلی و خارجی راستوں کو خالی کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
اس کے علاوہ رات کے وقت بڑے آپریشن کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔ حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور مظاہرین کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اسلام آباد میں کشیدہ حالات کے پیش نظر کسی بھی بڑے ایکشن کی توقع کی جا رہی ہے۔