تحریک انصاف کا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا، صورتحال کشیدہ

تحریک انصاف کا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا، صورتحال کشیدہ

اسلام آباد: تحریک انصاف کا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا۔ انتظامیہ نے علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں اعلانات کیے گئے ہیں، جن میں بلیو ایریا کے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی چوک سے میڈیا کی گاڑیاں بھی نکال دی گئی ہیں جبکہ فوج کے دستوں نے علاقے میں پوزیشن سنبھال لی ہے۔

صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آئی جی اسلام آباد کو مکمل اختیارات دیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ زون کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پولیس کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ حالات کے مطابق کارروائی کرے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم کسی صورت جانی نقصان نہیں چاہتے۔ گولی کا جواب گولی سے دینا آسان ہے، لیکن حکومت انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کی خواہاں ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ مظاہرین نے سیکیورٹی فورسز پر حملے کیے، جن کے نتیجے میں 4 رینجرز اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ درجنوں اہلکار زخمی ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق، افواج پاکستان کی جانب سے لاؤڈ سپیکر پر مظاہرین کو پُرامن رہنے کی اپیل کی گئی، جس پر کچھ مظاہرین نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں سے خوش اخلاقی کا مظاہرہ کیا، سیلفیاں بنائیں اور حق میں نعرے لگائے۔

تاہم مجموعی صورتحال کشیدہ ہے اور انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *