وفاقی حکومت نے پولیس کو پی ٹی آئی مظاہرین سے نمٹنے کیلئے مکمل اختیارات دیدیے۔ وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی خفیہ لیڈرشپ کے کنڑول میں ہے اور پی ٹی آئی کیساتھ ہاتھ ہونیوالا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے سنگجانی جانے کیلئے راستہ مانگا تھا۔ ہم کسی طور پر بھی جانی نقصان نہیں چاہتے۔ پولیس کے اختیارات دیدیے ہیں کہ وہ صورتحال کے مطابق مظاہرین سے نمٹیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ آئی جی کو کہا ہے جیسے چاہیں مظاہرین کیساتھ نمٹیں۔ ریڈزون کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔ گولی کا جواب گولی سے دینا انتہائی آسان ہے۔ حکومت جانی نقصان سے بچنا چاہتی ہے۔ صرف خیبرپختونخوا سے لوگ آئے ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملے کیے۔ 4رینجرز اہلکاراور 2پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ درجنوں اہلکار زخمی بھی ہوئے ۔پی ٹی آئی کی خفیہ لیڈرشپ سارے فیصلے کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنسو گیس پھینکنے سے ملک کی بدنامی ہوتی ہے۔ ایک آنسو گیس کا شیل ساڑھے چار ہزار روپے کا آتا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے مظاہرین کو آنسو گیس شیل فراہم کیے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کسی قسم کے جانی نقصان سے بچا جاسکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کچھ قیادت انتشار نہیں چاہتی، فساد کی جڑ صرف ایک خفیہ ہاتھ ہے۔ پی ٹی آئی کا کنٹرول خفیہ لیڈرشپ کے ہاتھ میں ہے۔ پی ٹی آئی لیڈرشپ تو بات کرنا چاہتی تھی لیکن خفیہ ہاتھ کے ارادے کچھ اور ہیں۔ پی ٹی آئی کیساتھ ہاتھ ہونیوالا ہے۔ پی ٹی آئی کو کنٹرول کرنیوالے خفیہ ہاتھ کا ایجنڈا پاکستان نہیں۔ پی ٹی آئی کو کنٹرول کرنیوالا خفیہ ہاتھ سب پر بھاری ہے۔