وزیرستان: مشہورومعروف دہشتگرد نور ولی محسود کا چھپ کر پاکستان میں داخل ہونے کا منصوبہ آشکارہوگیا۔
ذرائع کےمطابق فتنۃ الخوراج کا سرغنہ خارجی نور ولی چھپ کر پاکستان آنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ خارجی نور ولی شوال کی جانب سے پاکستان میں چھپ کر داخل ہو کر ایک ویڈیو ریکارڈ کرائے گا۔ ویڈیو ریکارڈ کرانے کا مقصد یہ بتانا ہوگا کہ وہ پاکستان میں ہے جبکہ ویڈیو کو ریلیز اس وقت کیا جائیگا جب وہ افغانستان واپس بھاگ چکا ہوگا۔ یہ بات بھی خارج از امکان نہیں کے وہ افغاستان میں ہی ویڈیو ریکارڈ کروا کراسے پاکستان میں ہونے کا دعویٰ کر دے۔
ذرائع کے مطابق خارجی نور ولی کی چار دن پہلے آڈیو لیک منظرعام پر آئی تھی، جس میں وہ نچلے درجے کے دہشتگردوں کو واپس نہ آنے کی دھمکی دے رہا ہے۔ اسی طرح 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب خارجی نور ولی اور حاجی گل بہادر گروپ کی آپس کی لڑائی میں خودکش حملےمیں 5 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے تھے۔
دوسری طرف دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی فتنۃ الخوراج کیخلاف کامیاب کارروائیوں نے خارجی نور ولی کو حواس باختہ کردیا ہے، پاک فوج کے روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسٹڈ آپریشنز نےفتنۃ الخوراج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا اور ان نقصانات کی بدولت فتنتہ الخوراج کی صفوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ خوارج کی بڑی تعداد خارجی نور ولی محسود کی نا اہلی سے متنفر ہو چکی ہے نور ولی محسود کا پاکستان میں دراندازی کرکے ویڈیو پیغام ریکارڈ کرانے کا مقصد اندرونی اختلافات کو چھپانا ہے۔ نچلے درجے کے دہشت گرد فتنہ الخوارج کی افغاستان میں عیاشی کرتی قیادت سے متنفر ہو چکے ہیں۔