شدید دھند کے باعث خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آگیا، بڑا جانی نقصان

شدید دھند کے باعث خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آگیا، بڑا جانی نقصان

صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کے علاقے گھارو کے قریب دھند کی وجہ سے چھ گاڑیوں کے درمیان تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور 12زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج صبح قومی شاہراہ پر گھارو کے قریب حادثہ پیش آیا، جہاں دو ٹرکوں اور کاروں سمیت چھ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے باعث تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ چودہ زخمیوں کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

مزید پڑھیں: شدید دھند کا راج، مختلف مقامات پر موٹرویز کو بند کر دیا گیا

ہسپتال پہنچنے کے بعد مزید دو زخمی افراد دم توڑ گئے، جبکہ چار شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کر دیا گیا۔دھند اور سموگ کی وجہ سے سندھ اور پنجاب کے مختلف مقامات پر مزید ٹریفک حادثات بھی پیش آئے، جن میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ایم ایم روڈ پر ایک مسافر بس سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو مسافر جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ سموگ اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

مسافر بس اوچ شریف سے راولپنڈی جا رہی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں اور نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ دھند اور سموگ کی شدت کے باعث موٹروے پولیس نے کئی اہم موٹرویز کو بند کر دیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے، موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ تک، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک اور موٹروے ایم 5 ملتان سے سکھر تک بند رکھی گئیں۔

حد نگاہ میں بہتری آنے کے بعد موٹروے کو مرحلہ وار کھول دیا گیا۔ موٹر وے پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں۔ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں سفر کے لیے بہترین وقت بتایا گیا ہے۔

پولیس نے مزید کہا کہ روڈ یوزرز کو آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، تیز رفتاری سے بچنے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سفر کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *