تحریک انصاف نے 9 نومبر کو صوابی میں ایک بڑے جلسے کی تیاری شروع کر دی۔
پارٹی کے رہنماؤں نے اس جلسے میں شرکت کے لیے تمام ارکان کو ہدایات جاری کی ہیں، خاص طور پر ان رہنماؤں کو جو 26ویں آئینی ترمیم کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ تحریک انصاف نے ان رہنماؤں کو جلسے میں شرکت کی ہدایت دیتے ہوئے انہیں عوامی رابطے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کا کہا ہے۔
اس کے علاوہ اڈیالہ جیل میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور عمران خان کے درمیان ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔ ان ملاقات میں عمران خان پارٹی کے رہنماؤں کو آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے اور جلسوں، جلوسوں اور احتجاجوں کی ذمہ داریاں بھی تقسیم کی جائیں گی۔
تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے تمام رہنماؤں کو جلسے میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور انہیں اپنے ساتھ زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کے لیے کہا ہے تاکہ جلسے کی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔