پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کی بقا کیلئے منشیات فروشوں کے خلاف ٹھوس کاروائی کرنا ہوگی۔
پشاور کو ڈرگ فری شہر بنانے کیلئے مہم شروع کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں نوجوانوں کو اس لعنت سے بچانے کیلئے سب کو ملکر منشیات سے پاک معاشرہ کی تشکیل میں کردار کرنا ہوگا۔ کیونکہ ان نوجوانوں نے ملک کا نظام چلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بہترین علاج فراہم کیا جارہا ہے جس میں نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک کے دیگر صوبوں کے منشیات کے عادی افراد کا بھی علاج جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اس سے پہلے مہم کے دوران کئی غیر ملکی شہریوں کے علاج اور بحالی پر کام کیا گیا ہے۔ جس مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کے علاج کا مہم کل سے شروع ہوگا۔ تمام کمشنرز ڈیٹا مرتب کرکے اس مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں تاکہ پورے صوبے میں اس مہم کو بڑھایا جائے۔
اْن کا کہنا تھا کہ منشیات سمگلروں کو جتنی زیادہ سزا دی جائے وہ کم ہے کیونکہ ان مافیا کی وجہ سے معاشرے میں منشیات کا کاروبار جاری ہے۔ سب کو اجازت ہے ان کے خلاف کارروائی شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مافیا جو جتنا بھی بڑا کیوں نہ ہوں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ہماری نوجوان طبقہ اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہے انکی تحفظ کیلئے منشیات فروشوں کی نشاندہی میں ہمارا ساتھ دیں۔