چیف جسٹس کی تقرری کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے ایک اجلاس کے بعد جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ پارٹی اس کمیٹی کے اجلاس سے مکمل طور پر علیحدہ رہے گی۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پارٹی کا کوئی بھی رکن اس اہم اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔
مزید برآں، اجلاس میں پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والے اراکین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس میں شامل اراکین کی پارٹی رکنیت ختم کرنے اور تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں ان اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی جو پارٹی سے روابط منقطع کر چکے ہیں یا حکومتی حلقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
شوکاز نوٹسز کے ذریعے ان سے ان کے فیصلوں اور حکومتی روابط کے بارے میں وضاحت طلب کی جائے گی، جس کی روشنی میں ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔یہ بات یاد رہے کہ نئے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے 12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔
موجودہ چیف جسٹس اپنی ریٹائرمنٹ سے تین دن قبل سینیئر ججز کے پینل کو اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیں گے، جو پھر اس پینل کو کمیٹی کے سامنے پیش کرے گا تاکہ چیف جسٹس کا انتخاب کیا جا سکے۔