وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈ ز کے پوزیشن ہولڈرزطلبہ کو بڑی خوشخبری سنادی اوران کو انعام دینے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی چیف منسٹر نے پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو انعام دینے کی منظوری دے دی ۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق طلباء کے ایک ایک ٹیچرکو بھی انعام سے نوازا جائے گا۔
اس کے علاوہ طلباء کیلئےوزیراعلیٰ نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سٹوڈنٹس میرٹ سکالرشپ کی بھی منظوری د یدی ۔ 25ہزار طلبہ کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی ۔
حکومت پنجاب کی جانب سے 25ہزار طلباء کے 4سالہ تعلیمی اخراجات کے لیے100ارب سے زائد فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر طالبات کے لئے ٹرانسپورٹ پروگرام کا آغاز بھی کیا جا رہاہے۔
چیف منسٹر ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 60گرلز کالجز کو پہلے مرحلے میں بسیں دی جائیں گی ۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں آئی ٹی حب کے قیام کی منظوری دے دی ۔ وزیراعلیٰ نے آئی ٹی حب کے قیام کے لئے فوری اقدامات کا حکم بھی دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لیپ ٹاپ سکیم کے آغاز کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور کہاکہ طلباء کو لیپ ٹاپ کی فراہمی کا عمل جلد ازجلد شروع کیاجائے۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے شرکت کی۔