بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان صارفین کے لیے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ریلیف کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اکتوبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا کو دائر کی ہے، جس میں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 1 روپے 1 پیسے کی کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ نیپرا اتھارٹی 26 نومبر کو اس پر عوامی سماعت کرے گی۔
سی پی پی اے نے بتایا کہ اکتوبر میں مجموعی طور پر 9 ارب 98 کروڑ 10 لاکھ یونٹس بجلی فروخت کی گئی، جس کی فیول لاگت 9 روپے 26 پیسے فی یونٹ رہی۔
بجلی کی پیداوار میں مختلف ذرائع سے پیدا ہونے والی توانائی کی تفصیل بھی فراہم کی گئی، جن میں پانی سے 31.06 فیصد، مقامی کوئلے سے 14.79 فیصد، درآمدی کوئلے سے 8.79 فیصد، مقامی گیس سے 8.05 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 19.51 فیصد اور جوہری ایندھن سے 14.05 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔