مسلم لیگ (ن)کو پنجاب اسمبلی میں ایک اور دھچکا لگ گیا، لاہور ہائیکورٹ نے لیگی رکن پنجاب اسمبلی کی جیت کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے آزاد امیدوار محمد عاطف کی جانب سے پی پی 133ننکانہ صاحب سے مسلم لیگ (ن)کے رانا ارشد کی کامیابی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے محمد عاطف کی درخواست منظور کر لی اور رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیا۔
مزید پڑھیں: ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مابین پنجاب میں تحریری معاہدہ طے پا گیا
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میںمحمد عاطف نے الیکشن کیشن سمیت دیگر کوفریق بنایا گیا تھا اور موقف اپنا یا تھا کہ فارم 45کے مطابق ساڑھے تین ہزار ووٹوں سے مجھے کامیابی ملی تھی ۔محمد عاطف کا موقف تھا کہ الیکشن کمیشن نے قانون کے برعکس ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا اور دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کواڑھائی ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیاب قرار دیدیا جبکہ درخواستگزار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا تھا۔
محمد عاطف نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن نے رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن خلاف قانون جاری کیا ہے لہٰذا رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔محمد عاطف نے استدعا کی تھی کہ عدالت درخواست گزار کی بطور رکن پنجاب اسمبلی نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔