شناختی کارڈ بنوانا مزید آسان ہوگیا۔ نادرا نے ملک بھر میں منتخب جی پی اوز اور ڈاکخانوں میں نادرا کی سہولیات فراہمی کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہری اب منتخب ڈاکخانوں سے بھی شناختی کارڈ بنواسکیں گے۔ نادرا کے مطابق ملک بھر میں 83منتخب جی پی اوز اور ڈاکخانوں میں نادرا سہولیات میسر ہوں گی جہاں سے شہری گمشدہ شناختی کارڈ دوبارہ بنوانے، تجدید اور ترمیم کی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ڈاکخانوں میں یہ سہولیات ہفتے میں 6 دن (پیر تا ہفتہ) صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک دستیاب ہوں گی، تاہم جمعہ کے روز یہ سہولیات صبح 9 بجے تا دن ساڑھے بارہ بجے تک میسر ہوں گی۔ڈاک خانوں میں دستیاب تمام سہولیات کی فیس نادرا مرکز ہی کے برابر ہوگی ۔ واضح رہے کہ پوسٹ آفسز میں NICOP بنوانے کی سہولیات میسر نہیں ہوگی ۔ شہری اپنا متعلقہ جی پی او اور پوسٹ آفس نادرا کی ویب سائٹ سے چیک کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: فاسٹ ٹریک پر پاسپورٹس فیسوں میں اضافہ
دوسری جانب ملک کی سب سے بڑی آبادی والے شہر کراچی میں نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اور بڑا سینٹر قائم کر دیا۔ڈی جی نادرا کراچی احتشام شاہد کے مطابق صفورا پر قائم نئے سینٹر کا افتتاح 15 مئی کو ہو گا جس سے گلشن، صفورا، گڈاپ اور ملحقہ علاقوں کے شہری استفادہ کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹر دو شفٹوں میں 700 شہریوں کو سہولیات فراہم کرے گا اور سال کے آخر تک تعداد 700 سے بڑھ کر1500 ہو جائے گی ۔سینٹر میں ائرکنڈیشن ہال اور پہلی منزل پر بیٹھنےکی سہولت دستیاب ہو گی۔ رجسٹریشن سینٹر آنے والوں کیلئے پارکنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ نادرا سینٹر صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک سروسز فراہم کرے گا۔ مختلف علاقوں میں مزید دو شفٹوں پر مشتمل بڑے رجسٹریشن سینٹر قائم کیے جائیں گے۔