سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں ، شہباز شریف

سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں ، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے اسلام آباد میں غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کامیابی اور ترقی کے ساتھی ہیں۔ دونوں ممالک کے کئی دہائیوں پر محیط تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب امن اور خوشحالی میں شراکت دار ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کا نقشہ تبدیل کر کے رکھ دیا ہے اور گزشتہ 8 سالوں میں سعودی ولی عہد نے مثالی کامیابیاں حاصل کیں جو ان کی مدبرانہ فراست اور مثالی قیادت کے سبب ہی ممکن ہو سکی ہیں ۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وژن 2030 پیش کیا جو دنیا کے لئے مثالی نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پالیسیاں مجھ سمیت تمام لیڈروں کے لیے مشعل راہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوااوران کے اس دورے کے دور رس نتائج ثابت ہوں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہنا تھاکہ پاکستان کا کوئی بھی وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتا ہے، اس طرح یہ ایک روایت بن گئی ہے۔ پاک سعودیہ تعلقات برسوں پر محیط ہیں اور ہمارے غم و خوشی سانجے ہیں۔ ہم کامیابی اور ترقی کے بھی ساتھی ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے انٹرویو کے دوران عربی میں بھی اظہار خیال کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا اور ہمیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *