پی ٹی آئی کی خاتون رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ عمران خان کے بغیر مجھ سمیت کوئی کونسلر بھی نہیں بن سکتا۔
پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، ہماری پارٹی بہت بڑی ہے اور موجودہ لوگ بھی ہماری پارٹی جوائن کرنا چاہتے ہیں کیونکہ عمران خان کا نظریہ، ووٹ اور کریڈیبلیٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں عمران خان کے فیصلے ہی چلتے ہیں، ووٹ بھی عمران خان کا ہی ہے۔ مجھ سمیت عمر ایوب ہوں یا شیرافضل مروت، ہم کونسلر بھی نہیں بن سکتے اگر عمران خان کا ووٹ اور ان کا نام ہمارے ساتھ نہ جُڑا ہو۔
دوسری جانب پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تاحال عمران خان کی جانب سے ایسی کوئی ہدایات نہیں ملیں کہ کسی کو پارٹی سے نکالا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے عمران خان کی جانب سے جو ہدایات ملتی ہیں میں اس پر عملدرآمد کرتا ہوں لیکن اس کا بھی ایک طریقہ کار ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی کو پارٹی سے نکالنے کا معاملہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے۔ جونہی مجھے عمران خان کی جانب سے ہدایات ملیں گی تو میں اس پر عمل کروں گا۔