وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ٹریفک میں آسانی کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے، لیکن عام آدمی کو بے روزگار بھی نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کی زد میں آنے والے بے روزگار افراد کی بحالی کے لیے بڑا اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تجاوزات کے خلاف مہم سے متاثرہ چھوٹے کاروبار کی بحالی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چھوٹے کاروبار اور ریڑھی وغیرہ کی بحالی کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ ٹریفک میں آسانی کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے، لیکن عام آدمی کو بے روزگار بھی نہیں کریں گے۔ کسی غریب سے روزگار نہیں چھیننا چاہتے اس لیے بے روزگار ہونے والے افراد کے لیے متبادل انتظام ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں انسداد تجاوزات مہم کے متاثرہ افراد کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جائے گی۔ انسداد تجاوزات مہم سے متاثرہ افراد کے روزگار کے لیے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں، ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہر شہر میں بے ہنگم تجاوزات کی وجہ سے بازاروں سے گزرنا محال تھا، قائد محمد نواز شریف نے تجاوزات سے متاثرہ افراد کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔