پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق اور مصباح الحق کو باقاعدہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا۔
انضمام الحق اور مصباح الحق کو ہال آف فیم میں شامل کرنے کی تقریب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انضمام الحق اور مصباح الحق کوہال آف فیم کیپ پہنائی اور پلا ک پیش کی۔
ہال آف فیم کیپ پہن کر انضمام الحق اور مصباح الحق نے گراؤنڈ کا چکر لگا یا اور شائقین کرکٹ نے سابق کپتانوں کا تالیاں بجا کر خیر مقدم کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دونوں کھلاڑیوں کی پاکستان کرکٹ کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ایسے شاندار کھلاڑی پیدا کیے جنہوں نے اپنی مہارت اور سپورٹس مین اسپرٹ کو پوری دنیا میں دکھایا۔
ان کاکہنا تھا کہ امید ہے کہ ہمارے نوجوان کرکٹرز بھی ان عظیم کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کرکٹ کی پوزیشن کو مضبوط کریں گے۔
تقریب کے دوران آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی نمائش بھی کی گئی جہاں سابق کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصویر بنوائی اور ٹرافی کو اٹھایا۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے 10 جنوری 2025 کو سال 2024 کے لیے ہال آف فیم کرکٹرز کا اعلان کیا تھا جس میں سابق کپتان مشتاق احمد، انضمام الحق، مصباح الحق اور سعید انور کو شامل کیا گیا تھا۔
یہ چاروں کھلاڑی پاکستان کے لیے نمایاں کارنامے سر انجام دے چکے ہیں، اس سے قبل 10 کرکٹرز کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
دیگر ہال آف فیم کھلاڑیوں میں عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی ہر سال دو سابق کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں شامل کرتا ہے تاہم اس مرتبہ 4کرکٹرز اس لیے شامل کیے گئے۔