وزیراعظم شہباز شریف کے مشیرِ سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے پارٹی سے جانے کا ہمیں نقصان ہوا، جب بھی ضرورت پڑی مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان ہمارے پاس آسکتے ہیں، ہم ان کے پاس جا سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم پرانے دوستوں کو نہیں بھولے، ہمیشہ سے یاد ہیں، مولانا فضل الرحمان کو 26 ویں آئینی ترمیم میں ساتھ لے کر چلے، ہم مولانا فضل الرحمان کے بغیر آئینی ترمیم کے لیے آگے نہیں بڑھے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ جو بھی مطالبات ہیں، ان پر سیاستدانوں کو بیٹھنا چاہیئے، سیاست دان اگر آپس میں بیٹھیں گے تو معاملات سلجھیں گے الجھیں گے نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدا میں ہم سے تھوڑی سی کوتاہی ہوئی اس کا ہم نے ازالہ کیا، مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاستدانوں سے بھی بات ہو گی، ایسا نہیں ہوتا کسی کا مطالبہ من و عن مان تسلیم کر لیں، کچھ مانا جاتا ہے کچھ منوانا جاتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے پارٹی سے جانے کا ہمیں نقصان ہے، ہم نہیں چاہتے تھے کہ مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان پارٹی سے جائیں۔