پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا کہ میں اداروں کیساتھ بات کرنے کا حامی ہوں، ٹھیک کو ٹھیک اور غلط کو غلط کہتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا ہائوس مردان میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔ عمران خان نے میری درست بات نہ مانی تو صوبائی صدارت چھوڑ دوں گا۔
جنید اکبر نے کہا کہ 8 فروری کو تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پاکستان کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے، یہ حکومت تاریخ کی پہلی حکومت ہے جنہیں زبردستی اقتدار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہم سے بھی غلطیاں ہوئیں جو اب ہم بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی اداروں سے بات کرنے کا حامی ہوں مگر کسی کی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے اور شرافت کی زبان سمجھتے ہیں لیکن کسی بدمعاشی میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پارٹی کے اندر متعدد گروپس ہیں، سیاست میں دوست اور دشمن رکھتا ہوں مگر کبھی غلط آدمی کی سپورٹ نہیں کروں گا۔