اسلام آباد: نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی بورڈ نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں اسمارٹ واچز، فٹنس ٹریکرز اور دیگر پہننے کے قابل سمارٹ ڈیوائسز کو سائبر سیکیورٹی کے لیے خطرہ قراردیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ یہ ڈیوائسز حساس معلومات کے افشا ہونے اور سائبر حملوں کا باعث بن سکتی ہیں۔
بورڈ نے کابینہ ڈویژن کو سفارش کی ہے کہ حساس مقامات پر ان ڈیوائسز کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا کہ یہ پہننے کے قابل اسمارٹ ڈیوائسز خفیہ معلومات کے لیک ہونے میں ملوث ہو سکتی ہیں اور ان کا استعمال حساس اجلاسوں کے علاوہ آپریشنز والے مقامات پر سائبر حملوں کی صورت میں خطرہ بن سکتا ہے۔
سیکیورٹی بورڈ نے مزید کہا کہ ان ڈیوائسز کی وجہ سے ڈیٹا لیک اور غیر مجاز ٹریکنگ کے واقعات ہو سکتے ہیں، اس لیے حساس مقامات پر ان ڈیوائسز کے استعمال سے پہلے ان کے تصدیقی میکانزم کا جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ ایڈوائزری میں واضح طور پر کہا گیا کہ ایسی ڈیوائسز کو حساس مقامات پر استعمال کرنے سے پہلے ان کی سیکیورٹی کو مزید مستحکم کرنا ضروری ہے۔
سیکیورٹی ایڈوائزری نے سائبر سیکیورٹی کے خطرات کو کم کرنے اور حساس معلومات کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔