مہنگی بجلی سے پریشان پاکستانی عوام کے لیے خوشخبری ، بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان ہے تاہم یہ کمی صرف ایک ماہ کے لیے کی جائے گی۔
بجلی صارفین سے کی گئی اضافی وصولیاں واپس لوٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ایک ماہ کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 3 پیسے تک کمی کا امکان ہے، سی پی پی اے کی درخواست پر کل سماعت ہو گی۔
مذکورہ درخواست میں دسمبر کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی مانگی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ دسمبر میں لاگت کا تخمینہ 10 روپے 63 پیسے فی یونٹ تھا تاہم گزشتہ ماہ فی یونٹ بجلی کی فیول لاگت 9 روپے 60 پیسے رہی، دسمبر میں ڈسکوز کو 7 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔
درخواست میں گزشتہ ماہ دسمبر میں پانی سے بجلی کی پیداوار 22.80 فیصد رہی، مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار 10.06 فیصد، درآمدی کوئلے سے 1.59 فیصد اور فرنس آئل سے 0.03 فیصد رہی۔
اس کے علاوہ مقامی گیس سے 12.31 فیصد، ایل این جی سے 20.70 اور نیو کلیئر ذرائع سے 26.48 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔