گھر بنانے کیلئے پنجاب حکومت سے قرض لینے کی اہلیت جاننے کا طریقہ کار سامنے آگیا

گھر بنانے کیلئے پنجاب حکومت سے قرض لینے کی اہلیت جاننے کا طریقہ کار سامنے آگیا

پنجاب حکومت نے پنجاب کے عوام کو اپنے گھر کا مالک بنانے کے لئے’اپنی چھت اپنا گھر‘ کے نام سے شاندار منصوبہ شروع کیا۔

تفصیلات کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 9 ہزار سے زائد شہریوں کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جس کے نتیجے میں وہ اپنے خوابوں کے گھروں کی تعمیر میں مصروف ہیں۔ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے ڈی جی سیف انور جپہ نےسما نیوز کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس پروگرام کا وعدہ اپنے وزیراعلیٰ کے حلف اٹھانے سے قبل کیا تھا اور اگست 2024 میں اس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔

سیف انور جپہ نے مزید کہا کہ’ اپنی چھت اپنا گھر‘پروگرام کا مقصد شہریوں کو سستے اور قابل استطاعت گھروں کی فراہمی ہے، خصوصاً وہ لوگ جو کم آمدنی رکھتے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے لوگوں کو قرض فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے لئے گھر بنا سکیں۔

اپنی چھت اپنا گھر کیلئے کون اہل ہیں؟

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے کیلئے پنجاب کا مستقل شہری ہونا پہلی شرط ہے۔ اس کے بعد درخواست گزار کے پاس شہر میں پانچ مرلے اور دیہات میں دس مرلے کا پلاٹ ہونا ضروری ہے۔ درخواست دینے کے بعد مائیکرو فنانس ادارے درخواست گزار کی معلومات کو چیک کرتے ہیں اور اس کا دورہ کر کے تصدیق کرتے ہیں۔ اس کے بعد قرض کی رقم تجویز کی جاتی ہے، جو کہ زیادہ سے زیادہ 15 لاکھ روپے تک ہو سکتی ہے۔اس قرض کو دو اقساط میں فراہم کیا جاتا ہے۔

پہلی قسط اس وقت دی جاتی ہے جب درخواست گزار کی معلومات کی تصدیق ہو جاتی ہے اور اس رقم کا استعمال گھر کی تعمیر میں ہوتا ہے۔ پھر اس کی تصاویر اور پیش رفت کا جائزہ لیا جاتا ہےاور اس کے بعد دوسری قسط جاری کی جاتی ہے۔قرض کی واپسی کا عمل بھی بہت آسان رکھا گیا ہے۔ پہلے تین ماہ کے دوران کوئی قسط ادا نہیں کرنی ہوتی اور پھر ماہانہ 14 ہزار روپے کی قسط ادا کرنا ہوتی ہے۔

اس قرض پر کوئی سود (انٹرسٹ) نہیں لیا جاتا اور نہ ہی کسی قسم کا فائن یا جرمانہ لگایا جاتا ہے۔سیف انور جپہ نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی پلاٹ دینے کی سکیم بھی شروع کی جائے گی، جو کہ دس سے پندرہ دن میں لانچ ہو جائے گی۔ اس سکیم کا مقصد شہریوں کو اپنے گھروں کی تعمیر کے لئے مناسب پلاٹ فراہم کرنا ہے۔

مجموعی طور پر اس پروگرام کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شروع کیا گیا۔’ اپنی چھت اپنا گھر‘پروگرام ایک سنگ میل ثابت ہو رہا ہے جس سے لاکھوں افراد کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی اور کم آمدنی والے شہری اپنے گھروں کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں گے۔ اس پروگرام کا اگلے سال تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف ہے، اور اب تک 8 ارب روپے سے زائد کی رقم قرض کی صورت میں شہریوں کو فراہم کی جا چکی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *