قتل و غارت کرنیوالے بلوچستان کے عوام ہی نہیں، پاکستان کے بھی دشمن ہیں : وزیراعظم

قتل و غارت کرنیوالے بلوچستان کے عوام ہی نہیں، پاکستان کے بھی دشمن ہیں :  وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے، قتل و غارت کرنے والے بلوچستان کے عوام ہی نہیں پاکستان کے بھی دشمن ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں بالآخر اتنی تباہی اور خوں ریزی کے بعد صرف 42 روز کیلئے جنگ بندی ہوئی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ غزہ میں عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں بدل جائے،50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، جن میں مائیں، بچے، ڈاکٹرز، انجینئرز اور نوجوان شامل ہیں، ہزاروں فلسطینیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا اور شہروں کے شہر تباہ کردیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اب تعمیر نو کا مرحلہ بھی شروع ہونے والا ہے، جس میں پاکستان اپنا حصہ ڈالتے ہوئے فرض ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کل گوادر ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شروع ہوا ہے، گوادر ایئرپورٹ کا منصوبہ مکمل ہونا خوش آئند بات ہے، منصوبہ 230 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہوا، گوادر پورٹ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہمیت کا حامل ہے، چین جیسے ملک نے اپنے وسائل سے پاکستان کو ایئرپورٹ جیسا تحفہ دیا، منصوبے سے بلوچستان اور پاکستانی معیشت کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ کچھ لوگ پاکستان کے ساتھ دشمنی پر اترے ہوئے ہیں، انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ قتل و غارت کر کے وہ نہ صرف بلوچستان کے عوام کے خلاف جا رہے ہیں بلکہ یہ پاکستان کے ساتھ صریحاً دشمنی ہے، پاکستان کے خلاف محاذ آرائی ملک دشمنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چیمپئینز ٹرافی کیلئے قومی ٹیم کے اسکواڈ کی تیاری آخری مرحلے میں داخل، کون کھیلے گا اور کون باہر ہوگا؟

وزیراعظم  شہباز شریف  نے ملکی معیشت بارے بات کرتے کہا کہ ورلڈ بینک نے طویل مدتی شراکت داری کے فریم ورک کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ 10 سالوں میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی ایکسپورٹس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، دسمبر میں اس شعبے میں 348 ملین ڈالرز کی آئی ٹی ایکسپورٹس ہوئی ہیں، اس کیلئے میں اس پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اس شعبے کی حوصلہ افزائی کریں گے جس سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے جامع پروگرام کو بھی مزید آگے بڑھائیں گے، حکومت ملکی معیشت کو مزید بہتر کرنے کیلئے اپنی تمام کاوشیں جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حج کی آمد آمد ہے، امید ہے کہ اس بار پاکستانی حاجیوں کے لیے حج بہت پرسکون ثابت ہوگا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے جو کاوشیں جاری  ہیں اور جو قربانیاں دی جا رہی ہیں، حکومت اور عوام چاہ کر بھی شہداء کا قرض نہیں اتار سکتے، جس کے بدلے میں ملک میں امن قائم ہوگا اور ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ من حیث القوم ہمیں اس بات کا پوری طرح ادراک ہونا چاہیے کہ اس سے بڑی عظمت کی کوئی بات نہیں کہ اپنے بچوں کو یتیم کرکے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا جائے اور اپنی جان کا نذرانہ دینے سے بڑی اور کوئی قربانی نہیں ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *