لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے پنجاب حکومت کے احکامات کے مطابق ایل ڈی اے ایونیو-I اور دیگر علاقوں میں غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتےہوئے 77 جائیدادیں سیل کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کےاحکامات کے مطابق پنجاب بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس حوالے سے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر لاہور کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کاروائی کی گئی اور دو درجن سے زائد جائیدادوں سے سائن بورڈز ہٹائےگئے اورتجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے جن میں سے اکثر کو پہلے متعدد نوٹسز موصول ہو چکے تھے۔
ایل ڈی اے ایونیو-I میں آپریشن کی نگرانی LDA ایونیو-I کے ڈائریکٹر عمر صہیب اور ٹاؤن پلاننگ کے ڈائریکٹر شفقت نواز کانگ نے LDA انفورسمنٹ سکواڈ اور مقامی پولیس کے تعاون سے کی۔
اپنی وسیع مہم کے ایک حصے کے طور پر، ایل ڈی اے نے شہر بھر میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کا دائرہ بڑھا دیا۔ علامہ اقبال ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، شاہ جمال، اور گلشن راوی میں جائیدادوں کو نشانہ بنایا گیا، مجموعی طور پر 77 جائیدادوں کو سیل کیا گیا۔ ان میں نجی اسکول، کلینک، ریستوراں، بیوٹی سیلون، دکانیں، دفاتر اور اسٹورز شامل تھے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے غیر قانونی کمرشل عمارتوں، فیس نادہندگان اور تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رکھنے کے اتھارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے اور لاہور میں شہری نظم و نسق برقرار رکھیں گے۔
ایل ڈی اے کی جاری کوششوں کا مقصد شہر کی ترقی اور منصوبہ بندی کے ضوابط کو تقویت دیتے ہوئے غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں اور تجاوزات کے دیرینہ مسائل کو حل کرنا ہے۔