چیمپئنز ٹرافی 2025 ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو نیوٹرل وینیو کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، اور بھارت کے تمام میچز یو اے ای میں ہوں گے، جبکہ پاکستان اور بھارت کا میچ بھی وہاں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے یو اے ای کرکٹ بورڈ کے سربراہ شیخ نیہاں مبارک سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات گزشتہ شب گھوٹکی میں شیخ نیہاں کے خصوصی خیمے میں ہوئی، جس میں نیوٹرل وینیو کے معاملے پر بات چیت کی گئی اور یہ طے پایا کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز یو اے ای میں ہوں گے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے حالیہ دنوں میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے فیوژن پلان کی منظوری دی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت تین سال تک ایک دوسرے کے ممالک میں میچز نہیں کھیلیں گے اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو منتخب کرنے کا فیصلہ میزبان ملک کی مرضی سے کیا جائے گا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے پاکستان نہ آنے کا مسئلہ کسی مالی نقصان کا باعث نہیں بنے گا، کیونکہ آئی سی سی نیوٹرل وینیو پر ہونے والے میچز کے لیے اضافی اخراجات فراہم کرے گا۔